ایران نے اسرائیل کا ایک اور ایف 35 طیارہ مار گرایا، اصفہان میں ڈرون بھی تباہ کردیا گیا۔
تہران کیخلاف جارحیت کے بعد سے ایران کی جانب سے اسرائیل کے 10 سے زائد ایف 35 طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے تہران پر نئے حملے کئے گئے ہیں۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران نے ایک اور اسرائیلی طیارہ اور ڈرون مار گرائے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں ایک اور اسرائیلی ایف 35 طیارہ مار گرایا گیا جبکہ اصفہان میں اسرائیلی ڈرون کو تباہ کردیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ ایران نے اسرائیلی ڈرون گرادیا تاہم ایف 35 کی تباہی سے متعلق کچھ نہیں کہا گیا۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے بدھ کے روز کہا کہ اسرائیل پر حالیہ حملے کے دوران آواز سے تیز رفتار میزائل استعمال کیے گئے، جبکہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جھڑپ چھٹے دن میں داخل ہوچکی ہے۔
سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر بیان میں بتایا گیا کہ "وعدہ صادق 3" آپریشن کی گیارہویں لہر "فتاح 1" میزائلوں پر مشتمل تھی اور پہلی بار یہ ہتھیار استعمال کیے گئے۔
پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ ایرانی افواج نے "مقبوضہ علاقوں کی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے"۔
پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ "فتاح" میزائلوں نے بلا شک و شبہ یہ ثابت کردیا ہے کہ مقبوضہ علاقوں کی فضائیں اب مکمل طور پر ہماری گرفت میں ہیں۔





















