وزارتِ خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کوششوں سے 709 پاکستانی شہری بحفاظت تفتان بارڈر کے راستے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔
اسرائیل کی جانب سے ایران پر حالیہ حملوں کے بعد ایران میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا عمل جاری ہے۔ وطن واپس آنے والوں میں 207 پاکستانی طالب علم اور 502 زائرین شامل ہیں جو مختلف شہروں سے مذہبی زیارات یا تعلیم کے سلسلے میں ایران میں موجود تھے۔
مشکل حالات میں یہ شہری ایران میں پھنس گئے تھے، تاہم پاکستانی حکام نے فوری اقدامات کرتے ہوئے ان کی واپسی کو یقینی بنایا۔ کوئٹہ میں پہنچنے پر سیکیورٹی اور امدادی اداروں نے ان کا استقبال کیا، جبکہ ان کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے گئے۔
باقی پاکستانی شہریوں کی واپسی کا عمل بھی مرحلہ وار جاری ہے اور حکومت نے یقین دہانی کروائی ہے کہ تمام شہریوں کو جلد اور محفوظ طریقے سے وطن واپس لایا جائے گا۔





















