ایران نے فضائی حملے کی جواب میں اسرائیل پر ڈرون حملہ کردیا۔
خبررساں ایجنسی نے اسرائیلی حکام کے حوالے سے لکھا کہ ایران نے اسرائیل پر 100 ڈرونز سے حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی ترجمان نے کہا کہ ہمارا دفاعی نظام ایرانی ڈرونز کو روک رہا ہے، ہم ایران پر بمباری اور حملے جاری رکھیں گے۔
ایران نے شہید 136 ڈرونز سے اسرائیل پر حملہ کیا، شیہد ڈرون کی رینج 2500 کلو میٹر،سپیڈ 185کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
صورتحال کے پیش نظر اسرائیلی کے بن گوریان ایئرپورٹ کی پروازیں معطل کردی گئی، اگلی اطلاعات تک ایئرپورٹ تمام پروازوں کیلئے بند رہے گا۔
صیہونی فورسز نے فلسطین کے مغربی کنارے میں بھی لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔ تل ابیب میں خوف کا ماحول۔ شہریوں نے ضرورت کی چیزیں خرید کر اسٹور کرنا شروع کردیا۔
قبل ازیں ایران کی جانب سے جوابی بیلسٹک حملوں کے خدشے پر اسرائیل میں ہائی الرٹ ہے۔ اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور حکومت نے شہریوں کو بم شیلٹرز کے قریب رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
دوسری جانب آیت اللّٰہ خامنہ ای نے ایرانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست نے ہماری سرزمین کے خلاف گھناؤنا جرم کیا ہے، رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا کر اپنی بدنما فطرت کااظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، اللّٰہ نے چاہا تو ایران کی مسلح افواج کے مضبوط بازو اسرائیل کو سزا دیے بغیر نہیں رکیں گے۔
آیت اللّٰہ خامنہ ای نے کہا کہ ان کمانڈرز اور سائنس دانوں کے جانشین اپنے فرائض انجام دے کر مشن جاری رکھیں گے، اسرائیل نے اپنے لیے تلخ اور تکلیف دہ قمست کا انتخاب کیا ہے اور اس میں شک ہی نہیں کہ اسے یہ سزا ضرور ملے گی۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے ایران پر متعدد حملے کر دیے۔اسرائیلی فوج کے مطابق 200 طیاروں نے 100 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا، حملوں میں اہم ایرانی فوجی کمانڈر اور سینئر سائنسدان شہید ہوگئے۔ حملوں میں پاسدران انقلاب کے ہیڈ کوارٹرز سمیت اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کے کمانڈران چیف جنرل سلامی شہید ہوگئے، القدس فورس کے سینئر کمانڈر اسماعیل قانی اور جوہری پروگرام کے سربراہ اور سپریم لیڈر کے سینئر مشیرعلی شمخانی کی شہادت کی اطلاعات ہیں۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے یہ اطلاع بھی دی ہے کہ جوہری توانائی کی تنظیم کے سابق سربراہ فریدون عباسی بھی اس حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔ پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر جنرل غلام علی راشد شہید ہوگئے۔
ایران کی مسلح افواج کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل اور امریکہ کو ان حملوں کی بھاری قیمت چکانا ہو گی، مسلح افواج یقینی طور پر اس صہیونی حملے کا جواب دیں گی۔
ترجمان ایرانی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی حملے میں کئی ایرانی کمانڈر شہید ہو چکے ہیں، اسرائیل بھاری قیمت ادا کریں گے ہم سےسخت ردعمل کی توقع رکھنی چاہیے۔ بڑے پیمانے پر جوابی کارروائی کی تیاری کرلی۔






















