بلوچستان کے ضلع آواران کی تحصیل مشکے میں لیویز فورس نے دہشتگردوں کے حملے کو بروقت اور بہادری سے ناکام بنا دیا ۔ ڈی جی لیویز عبدالغفار مگسی نے اہلکاروں کی جرات کو سراہتے ہوئے پانچ لاکھ روپےانعام دینے کا اعلان کردیا ۔
ڈی جی لیویز نے کہا کہ تحصیل مشکے میں دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنا کر لیویز فورس نے ایک بار پھر اپنی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ریاستی وفاداری کا منہ بولتا ثبوت دیا ہے۔ گجر کے علاقے میں تھانے پر ہونے والے حملے کا دو گھنٹے تک جرات اور ہمت سے مقابلہ کرتے ہوئے لیویز اہلکاروں نے دہشتگردوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا، جس پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان لیویز فورس، عبدالغفار مگسی نے فورس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور جوانوں کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔
ڈی جی لیویز نے کہا کہ یہ کارنامہ صرف ایک کامیاب آپریشن نہیں بلکہ لیویز فورس کے عزم، جذبے، تربیت اور فرض شناسی کی شاندار مثال ہے۔ انہوں نے واضح پیغام دیا کہ بلوچستان کی سرزمین پر کسی بھی دہشتگرد کے لیے کوئی گنجائش نہیں، ریاستی ادارے ہر حملے کا بھرپور جواب دیں گے، اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔






















