پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 2328 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 24 ہزار 352 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔
وفاقی بجٹ کے اعلان کے اگلے ہی روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ نے نئی تاریخ رقم کردی، کاروبار کے دوران 100 انڈیکس ایک لاکھ 23 ہزار اور ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حدیں عبور کر گیا۔
پی ایس ایکس میں کاروبار کے دوران ایک موقع پر تقریباً 2500 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس ایک لاکھ 24 ہزار 500 پوائنٹس سے تجاوز کر گیا تاہم اختتام پر تیزی 2328 پوائنٹس پر آگئی اور انڈیکس ایک لاکھ 24 ہزار 352 پوائنٹس پر بند ہوا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 6 ماہ بعد ایک دن میں ایک ارب سے زائد شیئرز کی نمایاں تجارت ہوئی، جس سے سرمایہ کاروں اربوں روپے کا منافع حاصل ہوا۔
ماہرین کے مطابق سیمنٹ، اسٹیل، بینکنگ، آئل اینڈ گیس اور ریفائنری سیکٹر کیلئے بجٹ مثبت ہے، سودی آمدنی اور قرض سے سرمایہ کاری پر ٹیکس بڑھنے کا اسٹاک مارکیٹ کو فائدہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آج مارکیٹ میں 46 ارب 70 کروڑ روپے مالیت کے ایک ارب 4 کروڑ شیئرز کی تجارت ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے 17 ہزار 500 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش کیا تھا، جس میں مختلف سیکٹرز کو ریلیف دیا گیا تھا۔






















