حکومت نے آئندہ مالی سال کے دفاعی بجٹ میں تقریباً 20 فیصد اضافہ کردیا، مجموعی طور پر 2550 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
وفاقی حکومت نے 2025-26 کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا، جس کے مطابق آئندہ مالی سال کے دفاعی بجٹ میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، آئندہ سال دفاع کیلئے 2550 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال دفاع کیلئے 2122 ارب روپے مختص کئے گئے تھے تاہم دفاع پر اخراجات 2181 ارب تک پہنچ جائیں گے۔
بجٹ کے مطابق بری فوج کیلئے آئندہ سال 1165 ارب سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے۔ رواں سال بری فوج کیلئے ایک ہزار 9 ارب روپے مختص کئے گئے تھے جبکہ اس سال بری فوج کے نظرثانی اخراجات کا تخمیہ ایک ہزار 58 ارب روپے لگایا گیا۔؎
رپورٹ کے مطابق پاک فضائیہ کیلئے آئندہ مالی سال 520 ارب 74 کروڑ مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ رواں مالی سال پاک فضائیہ کیلئے 451 ارب روپے مختص کئے گئے تھے۔
بجٹ تجاویز کے مطابق پاک بحریہ کیلئے آئندہ مالی سال 265 ارب 97 کروڑ روپے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، رواں مالی سال پاک بحریہ کیلئے 230 ارب روپے مختص کئے گئے جبکہ اس سال بحریہ کے نظرثانی شدہ اخراجات 238 ارب روپے سے بڑھ جائیں گے۔



















