راولپنڈی کے علاقے درکالی سیداں میں فائرنگ کے واقعہ میں والد کو دو بیٹوں سمیت قتل کر دیا گیا ، مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں آٹھ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایف آئی آر مقتول کے بیٹے اشفاق شاہ کی مدعیت میں تھانہ جاتلی میں درج کی گئی، مدعی کے مطابق تین بج کر تیس منٹ پر ملزمان گھر کی دیوار پھلانگ کر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ کی۔فائرنگ کے نتیجے میں تینوں افراد زخمی ہوئے اور اسپتال منتقلی کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔
ایف آئی آر میں نامزد آٹھ افراد میں عامر شاہ، مظاہر شاہ، ذیشان شاہ عرف شانی، عرفان حیدری شامل ہیں۔مزید چار افراد عزیرہ بی بی، اسرار شاہ، نواب شاہ اور طاہر شاہ پر سہولت کاری اور منصوبہ بندی کا الزام ہے۔مدعی کے مطابق گزشتہ روز ہی باسط علی شاہ اور سید ابن علی نے قتل کی سازش سے متعلق آگاہ کیا تھا۔قتل کی بنیادی وجہ سابقہ دشمنی بیان کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مرکزی ملزم عامر شاہ اس سے قبل جہلم کے قریب اے این ایف اہلکاروں کو قتل کرنے کے مقدمے میں بھی انتہائی مطلوب اشتہاری ہیں۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ایس ایس پی انویسٹیگیشن صبا ستار نے جاتلی کے علاقے میں جائے وقوعہ اور اسپتال کا دورہ کیا ۔ مقتولین کے لواحقین سے بھی ملیں اور کہا کہ جائے وقوعہ سے فرانزک شواہد حاصل کرلیے ہیں۔






















