کوئٹہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں لیویز اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے سرہ غڑگئی میں دھماکا اُس وقت ہوا جب متاثرہ افراد ایک گاڑی میں کوئلہ کان کی جانب جا رہے تھے۔
مذکورہ گاڑی ایک کوئلہ کان کے مالک کی تھی جنہیں اطلاع ملی تھی کہ ان کی کان پر حملہ ہوا ہے اور وہاں موجود گاڑیاں اور دیگر املاک کو نذر آتش کر دیا گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی وہ دیگر افراد کے ہمراہ جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوئے تاہم راستے میں سرہ غڑگئی کے مقام پر ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہو گیا۔
دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عبدالسلام اور عبدالنافع کے نام سے ہوئی ہے جو سگے بھائی تھے۔
زخمیوں میں جانان، سیف الرحمان، سمیع اللہ، زبیع اللہ، محمد آصف، نصیب اللہ اور جمیل احمد شامل ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔





















