واٹس ایپ کی متبادل بیپ ایپلی کیشن کی لانچنگ کی ڈیڈلائن ختم ہونے میں صرف ایک ماہ باقی ہے تاہم اب تک سیکیورٹی کلیئرنس تاحال نہ ہوسکی۔ این آئی ٹی بی نے تحریری طور پر قائمہ کمیٹی آئی ٹی کو آگاہ کردیا کہ بیپ اب وفاقی حکومت میں مکمل طور پر رول آؤٹ کیلئے تیار ہے۔
محفوظ سرکاری رابطوں کیلئے ملک کے پہلے مقامی پلیٹ فارم بیپ کا سیکیورٹی آڈٹ بدستور جاری ہے، بیپ کی سیکیورٹی کلیئرنس نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کیلئے بڑا چیلنج بن گئی، وزارت آئی ٹی نے بیپ ایپلی کیشن کو 30 جون سے پہلے لانچ کرنے کی ڈیڈلائن دے رکھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق علاقائی سیکیورٹی چیلنجوں کے تناظر میں بیپ کا عالمی معیار کے مطابق ہونا لازم قرار دیا گیا ہے، این آئی ٹی بی نے تحریری طور پر قائمہ کمیٹی آئی ٹی کو آگاہ کردیا کہ بیپ اب وفاقی حکومت میں مکمل طور پر رول آؤٹ کیلئے تیار ہے۔
این آئی ٹی بی کا کہنا ہے کہ بیپ ایپلی کیشن کی نیشنل سائبر سیکیورٹی معیارات کے مطابق جانچ جاری ہے، محفوظ اور خودمختار کمیونی کیشن انفرااسٹرکچر انتہائی ضروری ہے۔
نیشنل آئی ٹی بورڈ نے مزید کہا ہے کہ اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی جانب سے بیپ کی سیکیورٹی جانچ جاری ہے، کمیٹی میں ڈائریکٹر جنرل نیشنل سرٹ، ڈائریکٹر آف گورننس، رسک اور کمپلائنس شامل ہیں، انٹیلی جنس بیورو این ٹی آئی ایس بی، نیکوپ کے نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
این آئی ٹی بی کا کہنا ہے کہ بیپ کو نیشنل سرٹ کے ذریعے جامع انٹرپرائز لیول سیکیورٹی تشخیص سے بھی گزارا جائے گا، سیکیورٹی معیار کا جائزہ مکمل ہونے کے بعد بیپ کو وفاقی حکومت میں نافذ کردیا جائے گا۔





















