پاکستان نے ڈیجیٹل انقلاب کی جانب پہلا بڑا قدم اٹھالیا۔ وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن مائننگ و آرٹیفیشل انٹیلی جنس ڈیٹا سینٹرز کیلئے 2 ہزار میگا واٹ بجلی مختص کردی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ڈیجیٹل انقلاب کی جانب پہلا بڑا قدم اٹھالیا، حکومت نے بٹ کوائن مائننگ و آرٹیفیشل انٹیلیجنس ڈیٹا سینٹرز کیلئے 2 ہزار میگا واٹ بجلی مختص کردی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرپٹو کونسل کی قیادت میں ڈیجیٹل معیشت کی نئی راہ ہموار ہوگی، اضافی بجلی کو آمدن کا ذریعہ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب عالمی کمپنیوں کی پاکستان آمد، سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ سی ای او پاکستان کرپٹو کونسل بلال بن ثاقب کا کہنا ہے کہ پاکستان کرپٹو اور اے آئی کا عالمی مرکز بن سکتا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر سے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے، ڈیجیٹل اثاثے ملکی معیشت کو نئی سمت دیں گے۔
رپورٹ کے مطابق افریقا سے 2 سب میرین کیبل کے پاکستان پہنچنے سے انٹرنیٹ مزید تیز ہوگا، پاکستان میں 40 ملین کرپٹو صارفین ہیں، خطے میں قیادت کی صلاحیت موجود ہے۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگلے مراحل میں قابلِ تجدید توانائی پر مبنی ڈیٹا سینٹرز بھی قائم ہوں گے، حکومت کی جانب سے ٹیکس چھوٹ اور دیگر مراعات کا اعلان متوقع ہے۔





















