وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون اور ترقیاتی شراکت داری پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کیخلاف جنگ میں آہنی دیوار کی طرح کھڑا ہے، برطانیہ کے ساتھ تعلقات اور باہمی تعاون کو آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں وزارت داخلہ آمد پر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے اپ اسکیل پروگرام کے تحت خصوصی تعاون پر برطانوی حکومت کے اقدام کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ اپ اسکیل پروگرام منظم جرائم کی روک تھام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، پروگرام کے تحت دونوں ممالک کے مابین جرائم کی روک تھام میں تعاون کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔
محسن نقوی نے بتایا کہ نیشنل کرائم ایجنسی کے تعاون سے اے این ایف نے 4.3 ٹن افیون پکڑی جس کی مالیت 22 ملین پاؤنڈ بنتی ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کی برطانیہ منتقلی میں سہولت فراہم کرنے پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اپ اسکیل پروگرام کامیابی سے جاری ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، وفاقی سیکریٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور برطانیہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس سے قبل برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے برطانوی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے الزامات اور جارحیت پر تحمل کا مظاہرہ کیا، اپنے دفاع میں پاکستان کا ردعمل متناسب اہداف پر مبنی تھا۔
وزیراعظم نے جنگ بندی برقرار رکھنے اور ملکی خود مختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کا اعادہ کیا۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مزید تنازع کسی کے مفاد میں نہیں، سیز فائر سے خطے میں استحکام آئے گا۔





















