پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نئے مالی سال دوہزار پچیس چھبیس کے بجٹ پر مشاورت جاری ہے۔ ورچوئل مذاکرات میں وزیر خزانہ نے سات ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت معاشی اصلاحات جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
بجٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں حکومت کی معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات ہوئے جس میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بھی شرکت کی۔ آئی ایم ایف کو ملک میں جاری معاشی اصلاحات اور نئے مالی سال کیلئے تجاویز سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ای ایف ایف پروگرام کے تحت جاری معاشی اصلاحات جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔
ورچوئل میٹنگ میں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کی نئی مقرر کردہ مشن چیف ایوا پیٹروا کا خیر مقدم کیا۔ اس سے پہلے پاکستان کیلئے مشن چیف نیتھن پورٹر کو پاکستان کی معیشت کیلئے تعاون اور معاونت پر شکریہ ادا کیا گیا۔ ورچوئل مذاکرات میں ملکی معیشت کو مستحکم بنانے پر بات چیت ہوئی ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی معاشی ٹیم نے پرائمری سرپلس۔ صوبائی ٹیکس ریونیو۔ سرکاری اداروں میں اصلاحات۔ نجکاری اور رائٹ سائزنگ کیلئے جاری کوششوں سے آگاہ کیا۔ میٹنگ میں ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے آئی ایم ایف مشن چیف نے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ورچوئل مذاکرات میں سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال سمیت معاشی ٹیم کے دیگر ارکان نے بھی شرکت کی۔



















