محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں شدید گرمی ضرور ہے مگر ہیٹ ویو نہیں۔
نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں ڈپٹی ڈائریکٹرموسمیات انجم نذیر ضیغم نے کہا کہ کراچی میں آج بھی گرمی برقرار رہے گی، ملک کے بالائی حصوں کےلیے ہیٹ ویوالرٹ ہے مگر کراچی میں ہیٹ ویو کا کوئی امکان نہیں۔
انجم نذیر ضیغم نے کہا کہ جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4تا6 ڈگری زیادہ رہے گا، کراچی میں بارش کا بھی کوئی امکان نہیں۔
کراچی میں گرمی کے ساتھ ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ لیاری، نیوکراچی، اورنگی اور کھوکھراپار سمیت دیگر علاقوں 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔
ترجمان کےالیکٹرک کا کہنا ہے کہ 70 فیصد بجلی کانیٹ ورک لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے، 30 فیصد نیٹ ورک پر بجلی چوری، بلوں کی عدم ادائیگی کا سامناہے، کراچی میں بجلی کی سپلائی معمول کے مطابق ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، بعد از دوپہر مطلع جزوی ابرآلود رہنے اور تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جنوبی اور وسطی اضلاع میں دن کےوقت موسم شدید گرم رہنے کی توقع ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع کا شدید گرمی کی لہرکے زیراثر رہنے کا امکان ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدیدگرم اور خشک رہنےکا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بعد ازدوپہر مری اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔






















