کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ منیر مینگل چوک کے قریب پیپلز پارٹی کے قافلے پر دستی بموں سے حملوں کا افسوسناک واقعہ پیش آیاہے جس میں دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے قافلے پر فائرنگ کی اور دستی بموں سے حملہ کیا، صوبائی وزیر علی مدد جتک قافلے کی قیادت کر رہے تھے اور فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ علی مدد جتک محفوظ رہے۔
پولیس کا کہناتھا کہ حملےمیں علی مدد جتک کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا گیا ہے ، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی،علی مدد جتک کا قافلہ ہاکی گراؤنڈ میں جشنِ فتح جلسے میں شرکت کیلیے جارہا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ
اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ دھماکہ دستی بم کا تھا ، واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایم ایس سول ہسپتال
سریاب روڈ پر دھماکے کے زخمیوں کو سول ہسپتال لے جایا گیاہے اور اس حوالے سے ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا دھماکے کے 12 زخمیوں کو سول سپتال لایا گیا ہے تاہم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے ۔
ڈاکٹرہادی کاکڑ کا کہناتھا کہ زخمیوں میں 2 کی حالت تشویشناک ہے ، زخمیوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے، شدید زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
ترجمان سول ہسپتال
ترجمان سول ہسپتال ڈاکٹر وسیم بیگ نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محبوب علی کے نام سے ہوئی ہے ۔






















