خیبرپختونخوا میں 3 مختلف واقعات میں دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے مزید 3 جوان شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 2 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے روڑی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد کی شناخت اسامہ کے نام سے ہوئی جو کہ کالعدم ٹی ٹی پی کا خودکش بمبار تھا۔ ہلاک دہشت گرد علاقے میں کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دوسری کارروائی ضلع لکی مروت میں کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ دہشت گردوں سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان نائیک ظفر اقبال اور سپاہی حاجی خان شہید ہوئے۔ شہید ظفر اقبال کا تعلق گوجرانوالہ جبکہ حاجی جان کا گلگت بلتستان کے ضلع غدر سے ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کولاچی میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کے حوالدار شاہد اقبال شہید ہوگئے۔ شہید کا تعلق سندھ کے ضلع میرپور خاص سے تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 14 جوان شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں پسنی سے اورماڑہ جاتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، واقعے میں 14 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں پہلے سےگھات لگا کر بیٹھے تھے، جنہوں نے فورسز کی گاڑیاں قریب پہنچنے پر حملہ کردیا۔