پاکستان نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے رات کی تاریکی میں حملہ کرنے والے ازلی دشمن کو دن کے اجالے میں زوردار جواب دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے راجوڑی میں بھارت کا ایک سینیئر انتظامی افسر مارا گیا ہے، مقامی حکام کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے راجوری میں جمعے کی شب اعلی سرکاری افسر راج کمار تھاپا ہلاک ہوگئے ہیں۔
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ راج کمار تھاپا کی رہائشگاہ پاکستان کی جانب سے ہونے والی شیلنگ کا نشانہ بنی، جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر راج کمار تھاپا ہلاک ہوگئے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف جوابی کارروائی شروع کرتے ہوئے آپریشن 'بنیان المرصوص'( آہنی دیوار) کا آغاز کردیا اور بھارت کی متعدد ائیربیسز کو تباہ کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کی بھارت کے خلاف جوابی کارروائی جاری ہے اور بھارت میں12سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فجر کے وقت دشمن کے خلاف آپریشن 'بنیان المرصوص' کا آغاز کیا گیا اور بھارت پر فتح ون میزائل فائر کیا گیا۔






















