بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 14 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں پسنی سے اورماڑہ جاتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیوں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، واقعے میں 14 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں پہلے سےگھات لگا کر بیٹھے تھے، جنہوں نے فورسز کی گاڑیاں قریب پہنچنے پر حملہ کردیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد فورسز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی، دہشتگردوں کے صفائے کیلئے علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
عسکری ترجمان کا کہنا ہے بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کا ناسور ختم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ان کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور دیگر رہنماؤں نے بلوچستان میں 14 جوانوں کی شہادت پر شدید دکھ کا اظہار کیا۔
صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں حوصلے پست نہیں کرسکتیں، ہمارے جوان اپنی جانوں پر کھیل کر ملک و قوم کی حفاظت کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پوری قوم شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ایکس (ٹوئٹر) پیغام میں بلوچستان میں دہشت گرد حملے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج ملک کی حفاظت، دشمنوں کی سازش کا مقابلہ کر رہی ہیں، شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے اس حملے میں اپنے بہادر سپوتوں کو کھودیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے پاک فوج کے قافلے پر بلوچستان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونیوالے 14 سیکیورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پسنی اور اورماڑہ کے درمیان دہشت گردوں نے گھات لگا کر بزدلانہ کارروائی کی، پاک فوج کے 14 جوانوں کی قربانی کو ہم رائیگاں نہیں جانے دے سکتے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا، پی پی پی نے ہر دور میں انتہاء پسندی اور نفرت پر مبنی سوچ کیخلاف جدوجہد کی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ضلع گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کیخلاف ہماری جنگ جاری رہے گی، نفرت اور تقسیم کی سوچ کا جڑ سے خاتمہ کرکے ہم اپنے جوانوں کے خون کا بدلہ لیں گے۔