سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں عوام کی عدالت میں جانے کو تیار ہے، عوامی قیادت آئے گی تو عوام کی زندگی میں خوش حالی آئے گی ۔
ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ 3 اپریل اور 9 مئی کے جرم کی سزا آئین و قانون کی سربلندی اور ریاست کی عملداری کا معاملہ ہے، قومی اسمبلی تحلیل کرنے والوں کو سپریم کورٹ نے ان کے جرم کی سنگینی بتا دی ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:۔سپریم کورٹ کا الیکشن کمیشن کو 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم
مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس نے سب سے پہلے الیکشن کا عمل شروع کیا ،پارٹی کا الیکشن سیل، پارلیمنٹری بورڈز، منشور کمیٹی کی تشکیل ہو چکی ہے،
یکم نومبر سے امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی شروع کی جا چکی ہے ،یہ تمام اقدامات عکاسی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) الیکشن کے لئے تیار ہے ۔
اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو ملک میں ترقی لا عمل پھر شروع کریں گے ،2018 میں ملک ترقی کی جس بلندی پر تھا، نہ صرف اسی مقام پر واپس لائیں گے بلکہ وہاں سے آگے لے کر جائیں گے ،ملک میں دوبارہ امن لائیں گے، توانائی بحران کا خاتمہ، بے روزگاری اور مہنگائی سے عوام کی جان چھڑائیں گے، نوجوانوں کی ترقی، کاروبار اور ہنرمندی کا دور پھر سے شروع ہو گا ۔
یہ بھی پڑھیں۔ عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہونگے، صدر اور الیکشن کمیشن میں اتفاق
یاد رہے کہ گزشہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان میں عام انتخابات کیلئے 8 فروری کی تاریخ پر اتفاق ہوا تھا ،جبکہ آج سپریم کورٹ نے 90 روز میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کو 8 فروری 2024 کو انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔