پنجاب حکومت نے تمام سکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کیلئے ماسک کا استعمال کم سے کم 30 روز کیلئے لازمی قرار دیدیا ہے ۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے طویل اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق صوبے میں سموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ حکومت پنجاب نے فیصلہ کیا کہ ایک روز کی مزید چھٹی سے کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا بہر حال سکولوں میں طلبہ اور اساتذہ کو ماسک کے استعمال کی لازمی پابندی کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عوام سے بھی پابندی سے ماسک کے استعمال کی اپیل کی ہے جبکہ صوبائی وزراء کو سکولوں میں ذاتی حیثیت میں دورے کرتے ہوئے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے ۔
محسن نقوی نے کمشنر لاہور ، بلدیاتی اداروں اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو قوانین کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔