پیدائش، وفات اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کے آن لائن اندراج کے لیے نادرا کی موبائل ایپ تیار کر لی گئی۔
نیشنل رجسٹریشن اینڈ بائیومیٹرک پالیسی فریم ورک کی عملدرآمد کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں چیئرمین نادرا نے رجسٹریشن کے موجودہ نظام کو خامیوں سے پاک کرنے کے اقدامات پر شرکاء کو بریفنگ دی۔
چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے کہا کہ ازدواجی حیثیت میں تبدیلی، پیدائش اور وفات کے آن لائن اندراج کی موبائل ایپ تیار کرلی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے شہری زندگی کے اہم واقعات کا اندراج گھر بیٹھے کراسکیں گے۔
انہوں نے کہا موبائل ایپ پہلے پنجاب میں متعارف کرائی جائے گی جس کے لیے پنجاب کی تمام یونین کونسلز میں بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ شہریوں کی اہم معلومات کے درست ڈیٹابیس کی تیاری میں مدد ملے گی۔
چیئرمین نادرا نے کہا کہ اسلام آباد کی یونین کونسلز میں نادرا ون ونڈو کاؤنٹر قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی اے نے نیشنل بائیومیٹرک پالیسی کی تیاری کیلئے جاری سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ محکمہ مقامی حکومت کےعہدیداروں کےخصوصی سیشن میں موبائل ایپ کا ڈیموپیش کیا گیا۔