لاہور میں گیس فلنگ کی دکان میں سلنڈر پھٹنے سے 3 منزلہ گھر میں آگ لگ گئی، ایک ہی خاندان کے 3 بچے اور 2 خواتین جاں بحق ہوگئے، 7 افراد زخمی بھی ہوئے، حادثہ ایل پی جی گیس بھرنے کے دوران پیش آیا۔
ایل پی جی گیس کی دکان میں سلنڈر پھٹنے کے باعث خوفناک دھماکا ہوگیا، واقعے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے، 7 افراد زخمی بھی ہوئے۔
افسوسناک واقعہ لاہور کے علاقے راوی روڈ میں پیش آیا، 3 منزلہ گھر کے نچلے حصے میں ایل پی جی سلنڈر کی دکان میں ایل پی جی گیس بھرنے کے دوران دھماکا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق آگ کے شعلوں نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ کی شدت اتنی تھی کہ گھر میں رہائش پذیر خواتین اور بچوں کو باہر نکلنے کا بھی وقت نہ ملا، شعلوں میں لپٹے 3 کم سن بہن بھائی اور انکی والدہ سمیت 5 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے 3 گھنٹوں میں آگ کر قابو پایا۔ ریسکیو اہلکار نے کہا کہ 3 منزلہ عمارت سے نکلنے کا ایک ہی راستہ تھا جہاں سلنڈر پھٹنے سے آگ لگی ہوئی تھی۔
افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد کی لاشیں ڈیڈ ہاؤس پہنچادی گئیں جبکہ زخمی 7 افراد کا علاج جاری ہے، 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔