پاک فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) پر بھارتی کواڈ کاپٹر کو فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش پر مار گرایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مناور سیکٹر میں دشمن نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی کوشش پر پاک فوج نے بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دشمن نے کواڈ کاپٹر کے ذریعے جاسوسی کی کوشش کی، پاک فوج نے بروقت ایکشن سے دشمن کی مذموم کوشش کو ناکام بنا دیا۔
یہ واقعہ پاک فوج کی مستعدی، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا فوری اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہر دم تیار ہے۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ ملکر دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیں گی۔
قبل ازیں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے حملے کا خطرہ ہے، پاکستان ہائی الرٹ پر ہے۔ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے،
وزیردفاع خواجہ آصف نے برطانوی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی کسی بھی ممکنہ کارروائی کا جواب دینے کی تیاری کرلی ہے بھارت کی جانب سے اشتعال انگیز بیانات سامنے آرہے ہیں بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت سے پہلگام واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، بھارت کی جانب سے حملے کا خطرہ ہے، پاکستان ہائی الرٹ پر ہے،دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔