وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یونیورسٹی کی جدید تعلیمی سہولیات، تدریسی معیار اور تحقیقی مراکز پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ اس موقع پر ترکیہ کے سفیر عرفان نیزیر اوغلو بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وفاقی وزیر نے نسٹ میں میکرز سپیس لیب کا افتتاح کیا اور نیشنل سینٹر فار آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے طریقہ کار کو سراہا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ نسٹ کی فیکلٹی، نصاب، تدریسی طریقہ کار اور طلبہ کے لیے لیبارٹریز بے مثال ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نسٹ ایک جدید سہولیات سے آراستہ ادارہ ہے جو ملک و قوم کا سرمایہ افتخار ہے۔ اس ادارے سے فارغ التحصیل طلبہ نے دنیا بھر میں اپنی مادر علمی کا نام روشن کیا۔
عبدالعلیم خان نے گرین ٹیک ہب کا دورہ کیا اور وہاں تیار کردہ مصنوعات پر اطمینان و مسرت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کے ہم پلہ ہونے کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنا ہوگا، نسٹ میں زیر تعلیم غیر ملکی طلبہ ہماری روایات کے امین ہیں، اور معیار کے اعتبار سے ہمارے ادارے دنیا بھر کے تعلیمی اداروں سے کسی طور کم نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے سے یقین ہو گیا کہ ہمارا آنے والا کل انتہائی روشن اور خوشحال ہے۔
نسٹ کے پرنسپل اور میجر جنرل ڈاکٹر سعید الرحمان نے وفاقی وزیر اور ترک سفیر کو یونیورسٹی کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے نسٹ میں واقع ترکش ایروسپیس انڈسٹریز پاکستان کے دفتر کا بھی دورہ کیا، انہوں نے ٹیم ممبران سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ سائبر سیکیورٹی، ڈرون ٹیکنالوجی، اور راڈار سسٹمز جیسے شعبوں میں جاری تحقیقی و ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر نے ترکش ایروسپیس انڈسٹریز کے پاکستان میں تحقیق و ترقی کے شعبے کے قیام کو سراہا جو نسٹ کے تعاون سے سائنسی ترقی کو فروغ دے رہا ہے۔