بھارتی ایئر فورس کے 4 رافیل طیاروں نے مقبوضہ کشمیر میں پیٹرولنگ کی تاہم پاکستانی طیاروں کی جانب سے فوراً نشاندہی پر بھارتی طیارے فرار ہوگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی ایئر فورس نے 4 رافیل طیاروں کی مقبوضہ کشمیر میں پیٹرولنگ کی، 29 اور 30 اپریل کی رات بھارتی جغرافیائی حدود میں رہتے ہوئے مقبوضہ جموں کشمیر میں پیٹرولنگ کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایئر فورس کے طیاروں نے ہندوستانی ایئر فورس کے ان جنگی جہازوں کی فوراً نشاندہی کرلی، پاکستانی ایئر فورس کی بروقت اور مستعد کارروائی پر انڈین رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر راہ فرار اختیار کرگئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج ہندوستان کی طرف سے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار اور مستعد ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے پاک بھارت کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹیلی جنس اطلاعات ہیں بھارت24 سے36گھنٹے میں کارروائی کا ارادہ رکھتا ہے، بھارت نے تصادم کے راستے پر چلنے کا انتخاب کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کا جواب دیا جائے گا، پاکستان بھارت کا خطے میں جج، جیوری اور جلاد کا خود ساختہ کردار سختی سے مسترد کرتا ہے۔