محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارش کی پیشگوئی کردی۔ وفاقی دارالحکومت، کشمیر، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج (30 اپریل) سے 4 مئی کے دوران اسلام آباد، مری، گلیات، بالائی پنجاب ،خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
میٹ آفس کے مطابق ادھر 2 سے 5 مئی کے دوران جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے، اس دوران سکھر، میرپورخاص، خیرپور، تھرپارکر، سانگھڑ اور عمرکوٹ میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوابشاہ میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، رحیم یار خان، خیرپور، پڈعیدن، روہڑی اور دادو میں 48، حیدر آباد اور بہاولپور میں 45، ملتان میں 44، پشاور اور مظفر آباد میں 41، لاہور میں 40 اور کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
میٹ آفس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں 38، کوئٹہ میں 37 اور گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ رہا۔





















