ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے سپر8 مرحلے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے کے بعد سری لنکا سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی جبکہ پاکستان کیلئے بھی مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی ٹیم نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
سری لنکا کی جانب سے مینڈس 31 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ ڈونیتھ ویلا لاگے 29 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن راویندرا نے 4 ، میٹ ہنری نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ، نیوزی لینڈ نے مقررہ 20اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے جس میں کپتان مچل سینٹنر 47 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ راچن راویندرا نے 32 اور فن ایلن نے 23 رنز بنائے جبکہ کولے میکونچی 31 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ۔






















