پاکستان کی مختلف وزارتوں کی ویب سائیٹ پر بھارتی سائبر حملوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پاکستان نے بھارتی ہیکرز کے سائبر حملوں کو ناکام بنا دیا۔
پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی ہیکرز بھی اپنی حکومت کے نقش قدم پر چل نکلے۔ بھارتی ہیکرز کی جانب سے پاکستان کی مختلف وزارتوں کی ویب سائٹس کو ہیک کرنے کی متعدد کوششیں کی گئیں لیکن پاکستان نے تمام سائبر حملوں کو ناکام بنا دیا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ نے سما سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی ہیکرز کسی بھی ویب سائٹ کو ہیک کرنے یا ڈیٹا تک رسائی میں ناکام رہے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ سائبر سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان گزشتہ دو سالوں سے ٹاپ ممالک میں شامل ہے۔
شزہ فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں نیشنل سرٹ اور صوبائی سرٹ اپنا کام کررہے ہیں۔ آئی ٹی یو کی سائبر سیکیورٹی سے متعلق عالمی رینکنگ میں پاکستان امریکہ اور برطانیہ والی فہرست شامل ہے۔