میٹا کی جانب سے متعارف کرائے گئے اے آئی اسسٹنٹ نے واٹس ایپ صارفین میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر بالخصوص یورپ کے صارفین اس فیچر کو غیر فعال نہ کر پانے پر شکایات کر رہے ہیں۔
واٹس ایپ کے چیٹ انٹرفیس میں میٹا کا نیلے رنگ کا اے آئی اسسٹنٹ دائرہ مسلسل نظر آتا ہے جس سے صارفین اپنی خودمختاری اور کنٹرول پر پریشان ہیں۔
صارفین کے مطابق میٹا کا دعویٰ ہے کہ یہ فیچر اختیاری ہے لیکن اسے غیر فعال کرنے کا کوئی آپشن موجود نہیں اور یہ خود بخود چیٹ میں ظاہر ہوتا رہتا ہے۔
اگرچہ یہ اے آئی اسسٹنٹ سوالات کے جوابات، تصاویر بنانے اور معلومات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن صارفین اس کے خودکار ظہور کو پرائیویسی کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔
کچھ صارفین نے خدشہ ظاہر کیا کہ اے آئی ماڈلز کی تربیت کے لیے استعمال ہونے والا ڈیٹا ذاتی معلومات یا غیر قانونی مواد سے حاصل کیا جا سکتا ہے جس سے ڈیٹا کے غلط استعمال کا خطرہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین کو اے آئی کے استعمال پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے اور میٹا کے ڈیٹا استعمال کے طریقوں سے رازداری کے تحفظات جنم لے رہے ہیں۔