جنوبی وزیرستان کے وانا بازار میں زور دار دھماکے میں 7 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے، تین افراد کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں امن کمیٹی کے سابق رکن سیف الرحمان کو نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق جنوبی وزیرستان لوئر کے وانا بازار میں زور دار دھماکا ہوا، جس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد پولیس کی نفری اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچ گئی، واقعے میں 7 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہوگئے، تین زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں امن کمیٹی کے سابق رکنی سیف الرحمان کو نشانہ بنایا گیا ہے، جاں بحق کی لاشیں اور زخمی افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، مرنے والوں اور زخمیوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے نے شہدا کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر و استقامت جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نہتے اور معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمنوں کو بہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت اور سیکیورٹی فورسز پر عزم ہیں۔