مرکزی بینک نے میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کیلئے راست ادائیگی کی سہولت متعارف کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) نے اسٹیٹ بینک کے ساتھ شراکت داری کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت سرمایہ کار اسٹیٹ بینک کے راست پے منٹ گیٹ وے کے ذریعے میوچل فنڈز خرید سکتے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق سی ڈی سی ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں معاہدے پر دستخط کے موقع پر ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک سلیم اللہ مہمانِ خصوصی تھے۔ا س موقع پر سلیم اللہ نے ڈیجیٹلائزیشن اور صارفین کی سہولت کیلئے سی ڈی سی کی مسلسل کوششوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی تمام کوششوں کا بنیادی مقصد صارفین کو سہولت فراہم کرناہے۔
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے کہاکہ میوچل فنڈز کیلئے راست ادائیگی کی سہولت کا آغاز میوچل فنڈز کے سرمایہ کاروں کو انتہائی ضروری سہولت فراہم کرے گا اور سرمایہ کاروں کی بیس کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔
ڈائریکٹر جنرل اسٹیٹ بینک نے راست کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ راست ملک کے ادائیگی کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ 2021میں اپنے آغاز سے راست روزانہ 10لاکھ سے زائد ٹرانزیکشنزکو کامیابی کے ساتھ پراسس کررہا ہے۔ اب تک 33ملین سے زائد منفرد راست آئی ڈیزبنائی جا چکی ہیں اور 5.4ٹریلین روپے کی 267ملین سے زائد ٹرانزیکشنز کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ اس شعبہ میں جدّت کے بہت زیادہ مواقع ہیں اور صارفین پر مبنی سرمایہ کاری کی مصنوعات کی ڈیزائننگ صارفین کو زیادہ سے زیادہ بچت کے مواقع فراہم کرے گی۔ ایس ای سی پی کے کمشنر مجتبیٰ احمد لودھی نے کہاکہ سی ڈی سی میوچل فنڈانڈسٹری کیلئے ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل اور اسے بہتر بنانے کیلئے ایس ای سی پی کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔اسٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی کے تعاون سے سی ڈی سی کے اس طرح کے بہت سے اقدامات کی کامیابی اور مارکیٹ کی ترقی ، زیادہ افادیت اور سرمایہ کاروں کو بہتر سہولت فراہم کرنے پر ہمیں خوشی ہے۔
سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بدیع الدین اکبر نے کہاکہ اس پراجیکٹ کا نفاذ سی ڈی سی کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے جس میں ٹیکنالوجی اور جدّت پر مبنی نئے اور منفرد سلوشنزکیلئے کوشش کرنا تاکہ سرمایہ کاروں اور ایسٹ مینجمنٹ کمپنیز سمیت مارکیٹ شرکاء کیلئے کاروبار میں آسانی پیدا کی جاسکے۔