الخدمت فاؤنڈیشن کی ’’اسموگ فری لاہور‘‘ مہم کےتحت فلسطینی شہداء کے نام پر 10 ہزار پودے لگا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے کے تعاون سے لاہور ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک گرینڈ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں رضاکاروں نے 10 ہزار پودے لگا ئے، جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدور ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، سید احسان اللہ وقاص، الخدمت والنٹیر ہیڈ صنان اکبر، سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی و دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن کا کہنا تھا کہ مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا اور لاہور کو اسموگ فری بنا کر صاف ماحول فراہم کرنا ہے، جبکہ الخدمت میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے آج کے پروگرام کو فلسطین کے شہداء سے منسوب کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے ذریعے پودے لگانے کا اہتمام کر رہی ہے۔ انہوں نے مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پی ایچ اے کے کردار کو سراہا۔