استحکام پاکستان کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے حکومت کو ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی پیشکش کردی۔
اسلام آباد میں مجلس وحدت مسلمین ( ایم ڈبلیو ایم ) کے زیر اہتمام استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں اپوزیشن اتحاد کے قائدین خوب گرجے برسے اور حکومتی پالیسیوں پر کڑی تنقید کی جبکہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے مذاکرات کی پیشکش دہرا دی۔
سلمان اکرم راجا
اپنے خطاب میں سلمان اکرام راجا کا کہنا تھا کہ ہم آپکو دعوت دیتے ہیں، آؤ ہم سے مکالمہ کرو اور اگر مکالمہ نہیں کرتے تو پھر ہم تیار ہیں اور ہم جدوجہد کریں گے۔
سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام کو کوئی ریوڑ نہیں ، آ پکو ہماری آواز کو سننا ہوگا۔
عمر ایوب
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ 8 جولائی کو صدر ہاؤس میں گرین انیشی ایٹو کا اجلاس ہوتا ہے جس میں ارسا ایکٹ پانی ناپنے کے طریقہ کار میں ترامیم کا ذکر ہوتا ہے اور اس پر دستخط صدر مملکت آصف زرداری کے ہیں۔
محمود اچکزئی
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نے پارلیمانی کمیٹیاں چھوڑ کر حزب اختلاف کا اپنا متوازی ایوان سجانے کی تجویز دی۔
انہوں نے کہا کہہمیں اس حکومت کیخلاف منظم ہوکر عدم اعتماد لانی چاہیے اور انکی کمیٹیوں سے باہر آنا چاہیے اور فارم 45 والوں کی ایسی اسملبی لگانی چاہیے، اسد قیصر ہمارا اسپیکر ہو۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے بھی ملک کو أگے بڑھانے کا واحد راستہ آئین کی حکمرانی قرار دیا۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ جس ملک کے اندر آئین اس قدر کمزور اور بے حرمت ہوجائے گا اتنی ہی اس ملک کی بنیادیں کھوکھلی ہوتی چلی جائیں گی۔
کانفرنس سے مصظفی نواز کھوکھر اور صاحبزادہ حامد رضا سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا جبکہ شرکا نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف مذمتی قرار داد بھی منظور کی۔