سندھ حکومت نے ایسٹر کے موقع پر 20 اور 21 اپریل کو تعطیل کا اعلان کردیا۔
سندھ کی صوبائی حکومت کی جانب سے ایسٹر کی تقریبات کے سلسلے میں تعطیلات کا اعلان کردیا گیا ہے۔
سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اور کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ ( ایس جی اے اینڈ سی ڈی) کی طرف سے ایک باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں تمام متعلقہ محکموں کیلئے چھٹی کی تصدیق کی گئی۔
تعطیلات کے علاوہ سندھ حکومت نے مسیحی سرکاری ملازمین کیلئے پیشگی تنخواہوں کا بھی اعلان کیا تھا۔
صوبے بھر کی مسیحی برادری نے اس اعلان کا پرتپاک خیر مقدم کیا ہے۔
سندھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید نے تعطیلات اور پیشگی تنخواہ کی تقسیم پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسے شمولیت اور احترام کا ایک سوچا سمجھا اشارہ قرار دیا۔
پاکستان کی 2023ء کی مردم شماری کی بنیاد پر مسیحی پاکستان کی آبادی کا تقریباً 1.37 فیصد ہیں اور تقریباً 241 ملین کی آبادی میں مسیحیوں کی تعداد 3.3 ملین سے زیادہ ہے۔
چرچ کے رہنماؤں کا خیال ہے کہ یہ تعداد کم ہے، اندازے کے مطابق عیسائیوں کی آبادی 50 لاکھ تک ہوسکتی ہے، جس میں کم از کم 3.5 ملین صرف صوبہ پنجاب میں آباد ہیں جبکہ سندھ اور خیبر پختونخوا (کے پی) صوبوں میں بھی قابل ذکر مسیحی آبادی ہے۔