پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن نے صوبے بھر میں ہیٹ ویو کے خطرے کے باوجود یکم جون سے موسم گرما کی تعطیلات شروع کرنے کے لیے وزیراعلیٰ سے منظوری مانگ لی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں رواں موسم گرما کے دوران غیر معمولی ہیٹ ویو کا خدشہ ہے تاہم اس کے باوجود محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے قبل از وقت تعطیلات کے بجائے سالانہ کلینڈر کے مطابق یکم جون سے موسم گرما کی چھٹیوں کی اجازت مانگ لی۔
سیکرٹری تعلیم خالد نذیر وٹو نے بتایا کہ متوقع ہیٹ ویو کی وجہ سے موسم گرما کی چھٹیاں طے شدہ وقت سے پہلے شروع ہو سکتی ہیں۔ تاہم اس بارے میں حتمی فیصلہ وزیر اعلیٰ کریں گے۔
واضح رہے کہ اس ماہ کے شروع میں صوبائی حکومت نے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے اسکولوں کے اوقات پہلے ہی مختصر کر دیے تھے۔
اسکولوں کے اوقات میں 30 منٹ کی کمی 7 اپریل سے لاگو ہوئی اور یہ 15 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ اسکول اب صبح 7:30 بجے کھلتے ہیں، بند ہونے کے اوقات سنگل اور ڈبل شفٹوں کے لیے ایڈجسٹ کیے گئے ہیں۔
شیڈول میں تبدیلی کے باوجود کچھ والدین اب بھی طلباء کے شدید گرمی میں مبتلا ہونے پر تشویش کا شکار ہیں اور حکومت پر زور دے رہے ہیں کہ وہ گرمیوں کی تعطیلات جلد اعلان کرنے پر غور کرے۔