وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے باکو، آذربائیجان تک براہ راست پروازوں کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔
اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ باکو اور لاہور کے درمیان براہ راست پروازوں کے آغاز سے سیاحت کے شعبے کو فروغ ملے گا جو دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کا باعث بنے گا۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ لاہور تا باکو پروازوں کی طرز پر دیگر دوست ممالک کے ساتھ بھی پی آئی اے کی ڈائریکٹ پروازیں جلد شروع کی جائیں گی۔
شہباز شریف نے اسے سفارتی سطح پر پاکستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان اس خطے میں پاکستان کے بہترین دوستوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں آذربائیجان کے ساتھ اشتراک کے لیے کوشاں ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی دوستی اور تعاون کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پروازیں ثقافتی تبادلے اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دیں گی۔