محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ نئی ہیٹ ویو سے اندرون سندھ کے علاقے سب سے زیادہ متاثرہوں گے، درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا، ڈپٹی ڈائریکٹر عرفان ورک کہتے ہیں شہریوں کو بلاوجہ دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنا چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ نئی ہیٹ ویٹ سے اندرون سندھ کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دادو، جیکب آباد اور شہید بینظیر آباد میں پارہ خوب چڑھے گا، جنوبی پنجاب میں بھی گرمی اپنا زور دکھائے گی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، نوابشاہ 45، سکھر، موہن جودڑو 44، سبی اور حیدرآباد میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نوکنڈی 42، تربت41، بہاولپور 40، ملتان اور سرگودھا 39، ڈی جی خان اور ڈی آئی خان 38 اور گوادر میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دیگر شہروں میں مظفر آباد 36، جموں 34، گڑھی دوپٹہ 34، اسلام آباد 35، لاہور36، کراچی36، پشاور اور کوئٹہ میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔