وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے جعلی دستاویزات بنانے، آن لائن فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے سرکاری اہلکاروں کے جعلی دستاویزات بنانے اور آن لائن فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے جعلی آفیشل کارڈز، ڈرائیونگ لائسنس، موبائل فونز، پرنٹرز اور جعلی ڈگریاں تیار کرنے کا دیگر مواد برآمد ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار کئے جانے والے ملزمان میں عظمت شریف اور محمد ندیم شامل ہیں جنہیں چھاپہ مار کارروائیوں میں راولپنڈی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔
ملزم عظمت شریف سرکاری اداروں سے متعلقہ جعلی دستاویزات تیار کرنے میں ملوث تھا اور اس نے سرکاری افسران کے نام سے جعلی آفیشل کارڈز بنا رکھے تھے، ملزم کے قبضہ سے ایک موبائل فون ، 2 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور ایک پرنٹر برآمد ہوا جبکہ سرکاری محکمہ کے 6 جعلی کارڈ، 33 جعلی ڈرائیونگ لائسنس اور متعدد جعلی ڈگریاں تیار کرنے کا مواد بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری کارروائی میں محمد ندیم کو راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا جو جعلی شناخت کے نام پر آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث تھا۔
ملزم خود کو حکیم بابر ظاہر کر کے آن لائن غیر معیاری ادویات لوگوں کو فروخت کرنے میں ملوث تھا جبکہ اس نے لاکھوں روپے مختلف اکاؤنٹس میں بھی منگوائے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار کئے جانے والے ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔