اسلام آباد میں نجی ہوٹل میں آگ لگ گئی، پی ایس ایل ٹیمیں اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑی ہوٹل میں مقیم ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں واقع نجی ہوٹل کے آؤٹر یونٹ جنریٹر میں آگ لگ گئی، جس کے باعث لفٹ بند کردی گئی، ہوٹل میں پی ایس ایل کی ٹیمیں اور ملکی و غیر ملکی کھلاڑی بھی موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی و غیر ملکی کھلاڑی ہوٹل کے کمروں میں بحفاظت موجود ہیں۔
سی ای او پاکستان سپر لیگ سلمان نصیر نے سماء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے کے واقعے میں کھلاڑیوں یا فرنچائزز کے کسی فرد کو کوئی پریشانی نہیں ہوئی، آگ پر بروقت قابو پالیا گیا ہے، ہوٹل کے اندرونی حصہ میں آگ نہیں آئی، فائر بریگیڈ نے بروقت پہنچ کر آگ بجھا دی۔
ان کا کہنا ہے کہ سب کچھ معمول کے مطابق ہے کوئی پریشانی کی بات نہیں۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا آج سے راولپنڈی میں آغاز ہورہا ہے، افتتاحی تقریب میں معروف فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، اس موقع پر آتشبازی اور لیزر لائٹنگ کا بھی شاندار مظاہرہ ہوگا۔
ایونٹ کا افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان رات 8.30 بجے راولپنڈی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔