نگران وزیر اعظم انوار الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے بلکہ جن کے پاس کوئی کاغذات نہیں ہیں انہیں واپس بھیج رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے وفادار امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ گرشتہ رات شاہی قلعہ جانے کا اتفاق ہوا، دورے سے پنجاب حکومت کے بہت سے منصوبوں سے متعلق آگاہی حاصل ہوئی، تہذیب وثقافت کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ شاہی قلعے کی ثقافتی ورثے کی بحالی خوش آئند ہے اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور توقع ہے دیگر صوبے بھی ثقافتی اور مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے اہم اقدامات وقت کی ضرورت ہے جبکہ وفاق پنجاب حکومت کو جہاں ضرورت ہوگی مدد فراہم کرے گا۔
انتخابات
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ دینا الیکشن کمیشن کا کام ہے اور وہی دے گا، ووٹ ڈالنے کیلئے جتنا آپ بے چین ہیں اتنا میں بھی ہوں، آئین صرف الیکشن کے بارےمیں نہیں، اس کے بہت سے پہلو ہیں، ہم چاہتے ہیں ملک میں ایک مستقل حکومت آئے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی، نگران حکومت کس طرح غیرقانونی اورغیرآئینی عمل کرسکتی ہے؟، پی ٹی آئی پر پابندی نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے وفادار امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے۔
غزہ تنازع
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ بندی ہونی چاہیے، غزہ پر او آئی سی اجلاس میں وزیر خارجہ نے بھرپور نمائندگی کی، پاکستان اسرائیلی جارحیت کی بھرپورمذمت کر رہا ہے اور غزہ کے لوگوں تک امداد کی رسانی ہونی چاہیے۔
ایس آئی ایف سی
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی نگران حکومت کا اقدام نہیں ہے، گزشتہ پارلیمان نے اس کیلئے قانون سازی کی، اس کی اصلاحات کسی فورم پر چیلنج نہیں کی جاسکتیں، ایس آئی ایف سی کو پارلیمنٹ کے ذریعے قانونی تحفظ حاصل ہے اور یہ سرمایہ کاری کیلئے پلیٹ فارم ہے۔
تارکین وطن
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ غیرقانونی مقیم تارکین وطن کو اپنے ملکوں میں واپس بھیجا جائے گا، دنیا کا کوئی ملک غیر قانونی مقیم افراد کو رہنے کی اجازت نہیں دیتا، کسی بھی دوسرے ملک کا شہری ویزا لے کر پاکستان آسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو واپس نہیں بھیج رہے بلکہ جن کے پاس کوئی کاغذات نہیں ہیں انہیں واپس بھیج رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے دیکھتے رہیں سماء نیوز لائیو