خیبرپختونخوا اسمبلی میں مجوزہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کا بل پیش ہوتے ہی پاکستان تحریک انصاف کے اندر اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگیں۔ وزیراعلیٰ علی امین اور عاطف خان کے درمیان بل کے معاملے پر اختلافات ایک بار پھر سامنے آگئے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے واٹس ایپ گروپ میں عاطف خان نے ایم پی ایز سے درخواست کی کہ وہ مائنز اینڈ منرلز بل کے حق میں ووٹ نہ دیں۔
ان کا مؤقف تھا کہ یہ بل خیبر پختونخوا کے عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔ اس بات پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور برہم ہوگئے اور جواباً کہا کہ کیا آپ نے یہ بل پڑھا بھی ہے؟، اگر انگریزی نہیں آتی تو بل کی اردو کاپی بھیج دیتا ہوں، اصل مسئلہ بل کا نہیں بلکہ آپ کا ذاتی ہے۔
دوسری جانب سیکریٹری اطلاعات خیبرپختونخوا عدیل اقبال کا کہنا ہے کہ پیر کے روز تمام اراکین اسمبلی کو بل پر بریفنگ دی جائے گی اور پارٹی کے اندر ایسی بحث معمول کا حصہ ہے، اسے اختلاف نہیں سمجھا جانا چاہیے۔