اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تعاون سے توانائی کے شعبے میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سندھ اور خیبرپختونخوا میں تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت سے ملکی معیشت کو استحکام ملنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
ماڑی انرجیز اور آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ہائیڈروکاربن کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں جن سے ملکی توانائی کے ذخائر میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ سندھ میں او جی ڈی سی ایل نے کامیابی کے ساتھ دریافت شدہ کنویں سے پیداوار کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق اس کنویں سے یومیہ 115 بیرل خام تیل، 7 ملین مکعب فٹ گیس اور 21 میٹرک ٹن ایل پی جی حاصل کی جا رہی ہے۔ یہ کامیابی ایس آئی ایف سی کی رہنمائی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق کوششوں کا نتیجہ ہے۔
دوسری جانب ماڑی انرجیز نے خیبرپختونخوا کے وزیرستان بلاک میں ہائیڈروکاربن کے نئے ذخائر دریافت کیے ہیں۔ یہاں سے 23.85 ملین مکعب فٹ یومیہ گیس اور 122 بیرل یومیہ کنڈینسیٹ گیس کی پیداوار کا آغاز ہو چکا ہے۔ یہ کمپنی کی مسلسل تیسری بڑی دریافت ہے ۔