ملک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی ہوئی ہے۔
انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو کاروبار کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.1 فیصد کی معمولی بہتری دیکھی گئی۔ ڈالر کے مقابلے روپیہ 28 پیسے کی بہتری سے 280.28 روپے پر جاپہنچا۔
دوسری جانب عالمی سطح پر امریکی ڈالر کو دوبارہ سنبھلنے میں مشکلات کا سامنا رہا جب کہ محفوظ تصور کیا جانے والا جاپانی ین جمعہ کو 6 ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب منڈلاتا رہا، کیونکہ تاجر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جارحانہ اور دور رس نئے ٹیرف اقدامات کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
امریکی ڈالر یورو اور برطانوی پاؤنڈ کے مقابلے میں چھ ماہ کی کم ترین سطح سے اوپر آنے کے بعد مستحکم رہا، جب کہ اب توجہ ایک اہم ماہانہ امریکی روزگار رپورٹ پر مرکوز ہے جو بعد میں جاری کی جائے گی، تاکہ معیشت کی حالت اور مالیاتی نرمی کے امکانات کے بارے میں اشارے مل سکیں۔