پاورڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان عارضی نہیں مستقل ہوسکتا ہے تاہم فی الحال سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین کو ریلیف ملے گا۔ معاشی حالات بہتر رہے تو ریلیف چلتا رہے گا۔ جون سے کمی کو بنیادی ٹیرف کا حصہ بنایاجاسکتا ہے۔
نیپرا نے بجلی ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی حکومتی درخواست پر سماعت مکمل کرلی۔ اتھارٹی اعداد و شمار کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔ حکومت نے تین ماہ کے لیے بجلی بلز میں فی یونٹ ایک روپے 71 پیسے کی سبسڈی کی درخواست دی تھی۔
پاور ڈویژن حکام نے اتھارٹی کو بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ بجلی نرخوں میں کمی ملک کے معاشی حالات سے مشروط ہے۔ جب تک معاشی صورتحال بہتر رہی یہ ریلیف ملتا رہے گا۔
حکام کے مطابق سالانہ ری بیسنگ ابھی ممکن نہیں،اسی لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ریلیف دے رہے ہیں،3 ماہ کیلئے بجلی کے صارفین کو بلز میں ریلیف ملے گا۔
پاورڈویژن حکام نے کہا کہ 3 ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے سے 58ارب بچیں گے، پیٹرولیم مصنوعات کا ریلیف ٹیرف کا فرق ختم کرکے دیں گے۔
پاور ڈویژن حکام نے اتھارٹی کو بتایا کہ گزشتہ دن نیپرا میں سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی سستی کی تھی، اس میں 5 آئی پی پیز کے معاہدوں سے میں 12ارب کی بچت شامل ہے، 7 آئی پی پیز کی جانب سے ٹیرف میں کمی کی درخواست آچکی ہے، حکومتی سمیت دیگر آئی پی پیز کی درخواستیں جلد آپ کے پاس آئیں گی۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ گردشی قرض ختم کرنے کے لیے بینکوں سے بات جلد فائنل ہوجائے گی، آئی پی پیز کی بچت کا ریلیف سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ہی ملے گا، ٹیرف کا فرق کم کرنے کیلئے حکومت 266ارب کی سبسڈی دے رہی ہے۔ اب مزید سبسڈی شامل کرکے 324ارب روپے تک ہوجائے گی۔