ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کیخلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں 3 تبدیلیوں کا امکان ہے، امام الحق، شاداب خان اور محمد نواز کو ٹیم سے ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔
ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان ٹیم اپنے 7ویں میچ میں بنگلہ دیش سے 31 اکتوبر بروز منگل کو کولکتہ میں ٹکرائے گی، قومی ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے اپنے باقی تینوں میچز جیتنا ضروری ہے تاہم حتمی فیصلہ رن ریٹ کی بنیاد پر ہوگا۔
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان ٹیم اب تک 6 میچز کھیل کر صرف 2 میں کامیابی حاصل کرسکی ہے جبکہ بنگلہ دیش نے ایک میچ جیتا ہے۔
بنگلہ دیش کیخلاف میچ کیلئے کپتان بابر اعظم اور ٹیم مینجمنٹ نے حکمت عملی طے کرلی۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم میں بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں 3 تبدیلیاں متوقع ہیں، اوپنر امام الحق اور محمد نواز کو ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے جبکہ نائب کپتان شاداب خان کی انجری کے باعث اگلے میچ میں شرکت غیر یقینی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کی جگہ فخر زمان کی پلئینگ الیون میں واپسی ہوگی، محمد نواز کی جگہ سلمان علی آغا کی شمولیت کا امکان ہے جبکہ شاداب خان کی انجری کا جائزہ میڈیکل پینل لے رہا ہے، ان کی جگہ اسامہ میر کی شمولیت کی توقع ہے۔