2025 کا پہلا سورج گرہن 29 مارچ کو نظر آئے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ ایک جزوی سورج گرہن ہوگا جو یورپ، ایشیا، شمالی و جنوبی امریکا اور بحر اوقیانوس کے کچھ علاقوں میں دیکھا جا سکے گا تاہم، پاکستان اور بھارت میں یہ سورج گرہن نظر نہیں آئے گا۔
ماہرین کے مطابق سورج گرہن کی چار اقسام ہوتی ہیں، مکمل، جزوی، رِنگ آف فائر اور ہائبرڈ یہ اقسام زمین کے مدار میں چاند کی پوزیشن سمیت دیگر عوامل پر منحصر ہوتی ہیں۔
مکمل سورج گرہن میں چاند سورج کو مکمل طور پر ڈھانپ لیتا ہے جبکہ جزوی گرہن میں ایسا نہیں ہوتا۔
رنگ آف فائر گرہن اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین سے زیادہ فاصلے پر ہونے کی وجہ سے سورج کو پوری طرح نہ چھپا سکے، جس سے سورج کے گرد روشنی کا ایک حلقہ نظر آتا ہے۔
ہائبرڈ سورج گرہن ایک منفرد قسم ہے جو نہ تو مکمل طور پر جزوی ہوتا ہے اور نہ ہی مکمل، یہ اس وقت ہوتا ہے جب چاند زمین سے ایسے فاصلے پر ہو کہ کچھ مقامات پر سورج مکمل طور پر چھپ جائے لیکن حرکت کے دوران فاصلہ بڑھنے سے دوسرے علاقوں میں یہ جزوی گرہن کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔