ملزمان کو عدالتوں میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کے معاملے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے اور محکمہ جیل خانہ جات، پنجاب پولیس کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ملزمان کو عدالتوں میں پیش کرنے کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کے معاملے پرچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی کی خصوصی ہدایات پر لاہور ہائیکورٹ کے آئی ٹی کے ایڈمن جج جسٹس شجاعت علی خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔جس میں آئی جی پنجاب ،آئی جی جیل خانہ جات کی شرکت کی ۔
لاہور ہائیکورٹ کے آئی ٹی کے ایڈمن جج جسٹس شجاعت علی خان نے کہا کہ ملزمان کو عدالتوں کے بجائے وڈیو لنک کے ذریعے سماعت کرنے سے وقت کی بچت ہوگی،ہمارا مقصد سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
آئی جی جیل خانہ اور آئی جی پنجاب نے جسٹس شجاعت علی خان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو عدالتوں میں پیش کرنے کے بجائے وڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت سے کروڑوں روپے کی بچت ہوگی ۔
آئی جی جیل خانہ جات نے جسٹس شجاعت علی خان کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مکمل تعاون کریں گے ۔