انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوگیا، انٹربینک میں 13 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 8 پیسے اضافے پر کاروبار کا اختتام ہوا۔
رپورٹ کے مطابق انٹربینک میں امریکی ڈالر 13 پیسے مہنگا ہوکر 279 روپے 80 پیسے کا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 8 پیسے مہنگا ہوکر 281 روپے 30 پیسے کا ہوگیا۔
صبح کے اوقات میں ڈالر کے مقابلے روپیہ 2 پیسے کی بہتری سے 279.65 پر جاپہنچا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے روپے میں 10 پیسے یا 0.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق ڈالر 279.67 روپے پر بند ہوا تھا جو اس سے قبل گزشتہ ہفتے 279.57 روپے پر تھا۔ کرنسی مارکیٹ پیر کو بینک تعطیل کی وجہ سے بند تھی۔
عالمی سطح پر امریکی ڈالر کمزور رہا جبکہ اسٹرلنگ ڈیڑھ ماہ کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا اور یورو بھی مستحکم رہا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کینیڈا اور میکسیکو پر 25 فیصد ٹیرف منگل کو صبح سے نافذ کرنے اور چین پر محصولات دگنا کرکے 20 فیصد کرنے کے اعلان سے سرمایہ کاروں میں خدشات بڑھ گئے۔
اس اعلان کے بعد کینیڈین ڈالر اور میکسیکن پیسو کی قدر میں تیزی سے کمی آئی جبکہ چینی یوآن آف شور ٹریڈنگ میں 13 فروری کے بعد کی اپنی کم ترین سطح سے کچھ بحال ہوگیا۔
سرمایہ کاروں کو امریکی معیشت پر خاص طور پر حالیہ ہفتوں میں جاری کمزور معاشی اعداد و شمار کے پیش نظرممکنہ منفی اثرات پر بھی تشویش رہی۔