عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان جاری ہے، تاہم پاکستان میں ڈالر کی قدر میں کمی کے باعث یکم نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی توقع ہے۔
پاکستان میں حکومتی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل ہر ماہ کی پہلی اور 16 تاریخ سے ہوتا ہے۔
نگران وفاقی حکومت نے 16 اکتوبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 40 روپے فی لیٹر تک کمی کی تھی۔
اسرائیل اور غزہ کے فلسطینیوں کی مزاحمتی تنظیم حماس کے درمیان جنگ اور شام پر امریکا کے حملوں کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے آئندہ ماہ کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی سمری تیار کی جارہی ہے، اس بار بھی پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی توقع ہے۔
اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر وزارت پیٹرولیم اور خزانہ ردو بدل کرکے وزیراعظم کو بھیجیں گے، جس پر انوار الحق کاکڑ حتمی فیصلہ کریں گے۔
واضح رہے کہ حکومت اس وقت پیٹرول پر 60 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل پر 55 روپے فی لیٹر لیوی وصول کررہی ہے۔
گزشتہ چند روز کے دوران عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا رجحان تھا، برٹش کروڈ آئل کی قیمت 90 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئی تھی جبکہ امریکی کروڈ آئل کی قیمت بھی 84 ڈالر فی بیرل سے گرچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے عالمی سطح پر برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 0.81 ڈالر اضافہ ہوا جس کے بعد اس کے نرخ 88.74 ڈالر پر آگئے جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کروڈ 0.76 ڈالر مہنگا ہو کر 83.97 ڈالر پر پہنچ گیا۔
پاکستان میں اس وقت پیٹرول 283.38 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 304.05 روپے فی لیٹر میں فروخت ہورہا ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے دیکھتے رہیں سماء نیوز لائیو