پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی عدالت نہیں جو ان کے بھائی کو انصاف دے سکے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہمارا کردار یہ ہے کہ ہم اپنے بھائی کیلئے کھڑے ہیں اور اس کو اکیلا تو نہیں چھوڑیں گے۔
علیمہ خان نے کہا کہ پاکستان میں کوئی عدالت نہیں جو چیئرمین پی ٹی آئی کو انصاف دے سکے۔
یہ بھی پڑھیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں درخواست ضمانت مسترد، تفصیلی فیصلہ جاری
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ہی اپنی جماعت کے لیڈر ہیں چاہے وہ جیل میں ہوں، انہوں نے 24 اکتوبر کو جیل میں جو ہمیں کہا تھا وہ سچ ثابت ہو رہا ہے، انہوں نے کہا تھا یہ لندن میں معاہدہ ہوا تھا اور اب جو کچھ ہو رہا ہے اس معاہدے کے تحت ہو رہا ہے اور ہماری عدالتیں اسکا ساتھ دے رہی ہیں۔
علیمہ خان نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ اس معاہدے کا ایک حصہ یہ ہے کہ انہیں الیکشن میں جیل سے باہر نہیں آنے دینا اور معاہدے کے تحت شاید الیکشن کے بعد بھی انہیں باہر نہ آنے دیا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وکلاء اپنی کوششیں جاری رکھیں گے لیکن عوام کو کوئی امید نہیں رکھنی چاہیئے۔
یاد رہے کہ جمعہ کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر کیس میں ضمانت کی درخواست مسترد کردی ہے۔