وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں منظم جرائم پر قابو پانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب کے پہلے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے قیام کی منظوری دے دی۔
اس نئے ادارے کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت اور فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ کے خصوصی احکامات پر سی سی ڈی کو جدید ڈرون سرویلنس ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس ٹیکنالوجی کے تحت جرم کے وقوع پذیر ہونے کی صورت میں سرویلنس ڈرون صرف 5 منٹ میں جائے وقوعہ پر پہنچ جائیں گے جس سے قتل، زیادتی، ڈکیتی، راہ زنی، چوری اور دیگر سنگین جرائم کے ملزمان تک فوری رسائی ممکن ہوگی۔
سی سی ڈی کا بنیادی ہدف شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا اور منظم قبضہ مافیا، شوٹر مافیا اور لینڈ مافیا کے خلاف موثر کارروائی کرنا ہے۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ مجموعی طور پر 4258 افسران اور اہلکاروں پر مشتمل ہوگا جن میں سے 2258 افسر اور اہلکار فوری طور پر پنجاب پولیس سے سی سی ڈی میں منتقل کیے جائیں گے۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل اس نئے ادارے کے سربراہ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سی سی ڈی کے لیے عمارات، گاڑیوں اور جدید آلات کی خریداری کی بھی منظوری دے دی ہے۔
مریم نواز نے حکام کو ہدایت کی کہ سی سی ڈی کے قیام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ جرائم پیشہ افراد میں خوف پیدا ہو اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے کے قیام سے منظم جرائم میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو تحفظ کا احساس ملے گا۔